اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) تنظیم شیعہ آئمہ مساجد پاکستان کے اعلامیہ کے مطابق ملک کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میںجمعہ کو مرکزی جامع مساجد میں علمائے کرام،خطباء اور واعظین نے اپنے خطبات میں کہاکہ پوری قوم کی یہ تمنا ہے کہ آپریشن رد الفساد نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی کلید ثابت ہو رہاہے کیونکہ اگر پاکستان کو گلستان اور بہارستان بنانا ہے تو پھر ہر قسم کی برائی کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا یہ بھی واضح رہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی کسی ایک شق کو بھی نظر انداز کرنا ایکشن پلان کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔تنظیم کے جنرل سیکرٹری علامہ سیدتصورحسین نقوی القمی نے الکاظم میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری دنیادہشت گردی کی لپیٹ میں ہے جبکہ پاکستان دہشت گردوں کاخاص نشانہ ہے جن کی گردن مروڑنے کیلئے افواج پاکستان کا آپریشن ردالفساد دہشتگردوںکی موت ثابت ہو گا،جامع مسجد سخی شاہ پیارا کاظمی المشہدی میں امام جمعہ والجماعت علامہ سید مطلوب حسین تقی نے کہا کہ دختر رسول ؐ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے رہتی دنیا تک آنے والی خواتین کیلئے بحیثیت بیٹی،زوجہ اور ماں وہ لازوال و بے مثال کردار پیش کیا جس کی تاسی کرکے خواتین نہ صرف کامیاب زندگی بسر کرسکتی ہیں بلکہ اپنے حقوق کا حصول اور ان کا تحفظ بھی یقینی بناسکتی ہیں۔
پاکستان کو گلستان بنانا ہے تو پھر ہر قسم کی برائی کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا
Feb 24, 2018