لاہور(سپورٹس ڈیسک) وفاقی حکومت نے پنجاب اور خیبرپی کے میں آسٹرو ٹرف کی تنصیب کے لیے سندھ حکومت سے محکمہ کھیل کے چیف انجینئر کی خدمات فراہم کرنے کی درخواست کردی۔وفاقی وزارت پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نے صوبائی حکومت سے رجوع کرتے ہوئے محکمہ کھیل کے چیف انجینئر محمد اسلم مہر کی صوبے میں خدمات کو قابل تحسن قرار دیا ہے۔سندھ کے سیکرٹری سپورٹس نیاز علی عباسی کے مطابق صوبائی حکومت سے تحریری رابطے میں کہا گیا ہے کہ چیف انجینئر محمد اسلم مہر نے سندھ بھر میں ہاکی آسٹرو ٹرف نصب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ وفاق بھی پنجاب اور خیبر پی کے میں محمد اسلم کی خدمات سے مستفید ہونا چاہتی ہے۔ دونوں صوبوں میں نئی آسٹرو ٹرفس کی پی سی ون تیار کرنے کے لیے محمد اسلم مہر کی خدمات درکار ہیں۔واضح رہے کہ سندھ حکومت کے محکمہ کھیل کے تحت چیف انجینئر محمد اسلم مہر کی نگرانی میں صوبے بھر میں ایک درجن سے زائد ا?سٹروٹرفس کی تنصیب کا عمل ہوا ہے، ان میں کراچی میں عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم، کے ایچ اے ہاکی سٹیڈیم، اولمپئن اصلاح الدین اینڈ ڈاکٹر محمد علی شاہ اسٹیڈیم اور اولمپئن افتخار سید اسپورٹس کمپلیکس کے ساتھ حیدرآباد، شکار پور سکھر، خیر پور اور دادو اسٹیڈیم بھی شامل ہیں، ان آسٹرو ٹرفس پر پی ایچ ایف کے تحت قومی ایونٹس کے انعقاد کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا۔سکھر سٹیڈیم میں قومی مینز اور قومی ویمنز ہاکی چیمپئن شپ کے بعد قومی انڈر سکسٹین ہاکی ٹورنامنٹ کا بھی انعقاد ہوا، دوسری جانب محکمہ کھیل کے تحت محمد اسلم مہر کی زیر نگرانی پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فٹبال کے لیے حیدرآباد اور جیکب آباد میں جدید طرز کی آسٹرو ٹرف بھی نصب کی جارہی ہیں جبکہ حیدرآباد میں اپنی طرز کی پہلی ایتھلیٹکس ٹرف رواں سال جون میں مکمل ہوجائے گی، اس کے بعد اسی طرح کی ٹرف اگلے برس میرپور خاص میں نصب کر دی جائے گی۔