کراچی میں رات گئے نادرا کے چیئر مین نے نادرا کے دفاتر پر چھاپہ مارا اور شہریو ں کو بلاوجہ تنگ کرنے اور سہولیات نہ دینے والے عملہ کے خلاف کارروائی کی۔چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین نے رات گئے نادرا ڈیفنس میگا سینٹر کا دورہ کیا اور عملے پر شدید اظہار برہمی کیا اور ان سے سوال کیا کہ کیا ہمارا اسٹاف شہریوں سے بدتمیزی کے لیے رہ گیا ہے؟ ۔انہوں نے ماتحت عملے سے دریافت کیا کہ شناختی کارڈ بنوانے والے لوگوں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ کیوں ہے، انہوں نے کہا کہ نادرا کو ایسے عملے کی ضرورت نہیں جسکو شہریوں کا احساس نہیں۔اس موقع پر چیئرمین نادرا نے سہولیات کی عدم دستیابی پر رات گئے سینئرحکام کو گھروں سے دفتر بلوا لیا اور ان سے مکالمہ میں کہا کہ بطور سربراہ اس ادارے میں ہوں تو شہریوں کو آسانی دینے کے لیے ہوں قانونی دستاویز پوری ہونے کے باوجود آپ لوگوں کو تنگ کررہے ہیں۔چیئرمین نادرا نے میگا سینٹر ڈیفنس میں عملے کے 3 اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی انکوائری کا حکم دیا اور کہا کہ تسلیم کرتا ہوں کہ بعض نادرا مراکز پر شہریوں کو غیرضروری کاغذی کارروائی میں الجھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں نادرا کے تمام مراکز میں سہولیات کی عدم دستیابی چند روز میں ختم ہوجائے گی، شہری بھی نادرا کے ساتھ تعاون کریں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی نادرا کے چیئرمین نے نادرا آفسز پر چھاپے مارے اور فرض شناسی میں کوتاہی برتنے والے عملے کو معطل بھی کیا۔
کراچی:چیئرمین نادراکےدفاتر پر چھاپے،شہریو ں کو بلاوجہ تنگ کرنے اورسہولیات نہ دینے والے عملہ پرشدید اظہار برہمی
Feb 24, 2018 | 12:51