مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری جب کسی کو کرپٹ کہیں تو سمجھ لیں کہ وہ فرشتہ ہے۔کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور بلاول کے ہوتے ہوئے کسی کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں کا برا حال ہے، ہر ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی اپنی نااہلی کی وجہ سے ہار رہی ہے جبکہ سندھ میں سیاسی لیڈروں کے گھروں سے اربوں روپے برآمد ہوئے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے خاندان کو احتساب کے لئے چن لیا گیا، پرانے کیس چلائے جا رہے ہیں، جھوٹے مقدمات عالمی سطح پر بھی بے نقاب ہو رہے ہیں جبکہ ماضی میں بہت سے فیصلوں کا عدلیہ دفاع نہیں کرسکی تاہم ججز سوچیں کہ کیا وہ اپنے فیصلوں کا دفاع کر پائیں گے۔