دعا ہے انتخابات وقت پر اورانہیں روکنے والا کھیل ناکامی سے دو چار ہو،سعد رفیق

وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ میں دعا کرتا ہوں اس ملک میں انتخابات وقت پر ہوجائیں۔ انتخابات کو روکنے کے لیے جو کھیل کھیلے جارہے ہیں خدا کرے وہ ناکام ہوں،پاکستان کی بدقسمتی ہےجمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کیلئے بات کرنیوالے سیاستدان کوہربارغدار اور چور ڈاکو قرار دیا گیا۔ وہ دوروزہ 63ویں پاکستان ریلوے اتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تقسیمِ انعامات کی اختتامی تقریب اور آر ایچ کیو میں پاکستان ریلوے کے ڈویژنل افسران کی دوروزہ کُل پاکستان کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خدا کرے پاکستان کے لوگوں کو ووٹ کے ذریعے اپنی قسمت کے فیصلے کا اختیار ملے۔ جوں جوں الیکشن قریب آرہا ہے دھول بھی اڑائی جارہی ہے اورچور چورکا شور بھی ڈالا جارہا ہے جوں جوں الیکشن قریب آئے گا یہ شور اونچا ہوتا جائے گا پاکستان کا ووٹر بھی میچیور ہے وہ دیکھتا ہے کہ کام کون کرتا ہے وہ پروپیگنڈے سے مرعوب نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ سیاستدانوں میں سے جو بھی جمہوریت ، رول آف لاءماور پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرے انہیں غدار قرار دےدیا جاتا ہے اور انہیں چور یا ڈاکو قرار دیا گیا لیکن جو لوگ یہ قرار دیتے ہیں وہ فائنلی کامیاب نہیں ہوتے،پھر بھی دوستوں کو سمجھ نہیں آتی وہ اپنا کام کرتے رہتے ہیں ہم اپنا کام کرتے رہتے ہیں جب ووٹ کا موقع آتا ہے تو لوگ اسی کو ووٹ دیتے ہیں جو آن گروانڈ کام کرتے ہیں۔دو روزہ اتھلیٹک چیمپئن شپ میں ملتان ڈویژن نے 288 پوائنٹس حاصل کرکے پہلی، لاہور ڈویژن نے 168 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ ورکشاپس ڈویژن نے 99 پوائنٹس حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کراچی ڈویژن نے 35، سکھر ڈویژن 34،پشاور ڈویژن 6 اور راولپنڈی ڈویژن نے 3 پوائنٹس حاصل کئے۔ مجموعی طور پر سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرکے ورکشاپس ڈویژن نے جنرل ٹرافی جبکہ لاہور ڈویژن نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق جب ریلوے اسٹیڈیم پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ سپورٹس آفیسران اور آفیشلز سے تعارف کروایا گیا۔ تقریب انعامات سے قبل نائب صدر ریلوے سپورٹس بورڈ پروفیسر ڈاکٹر فرحان عبادت یار خان نے سالانہ رپورٹس پیش کی اور ریلوے سپورٹس بورڈ کے ساتھ تعاون پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تمام آنے والے مہمانوں اور کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ آخر میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ڈی ایس ورکشاپس ڈویژن سلمان صادق شیخ کو والٹن ٹرافی کے علاوہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔دریں اثنا وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے افسران ادارے کو نئی صدی کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے میں کردار ادا کریں۔ ریلوے نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے اور اب ہم بحالی ، ترقی اور جدت کے سفر کو رکنے نہیں دیں گے۔ خواجہ سعد رفیق آر ایچ کیو میں پاکستان ریلوے کے ڈویژنل افسران کی دوروزہ کُل پاکستان کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے پاس تجربہ کار افسران کی کمی ہوتی جارہی ہے لہٰذا ریلوے افسران اپنی ایلومینائی کی تنظیم پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ افسران 60کی بجائے 65برس کی عمر تک خدمات سرانجام دیں تاکہ تجربہ کار افسران سے ریاست اور ادارے بھرپور فائدہ اٹھاسکیں۔ خواجہ سعد رفیق نے تمام ڈویژنل افسران کو ہدایت کی کہ وہ ریلوے میں گریڈ ایک سے سولہ تک ری سٹرکچرنگ کے کام میں بھرپور تعاون کریں تاکہ ری سٹرکچر نگ کو جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے اس موقع پر ریلوے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ریلوے کی ڈویژنوں میں اضافے کے حوالے سے بھی تجاویز تیار کریں تاکہ ڈویژنل افسران پر کام کا بوجھ کم کیا جاسکے کہ آنے والے برسوں میں گوادر بھی ریلوے نیٹ ورک کا حصہ بن چکا ہوگاجس کے لیے گوادر میں زمین کا حصول مکمل کرلیا گیاہے۔ انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف لینڈ کی ری سٹرکچرنگ اور ڈائریکٹوریٹ جنرل میں تبدیلی کرنے کاکام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ محنت اور دیانت کے ساتھ کام کرنے والے افسران اور کارکن ادارے کا قابل فخراثاثہ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن