جرگے کا حکم‘ کراچی میں غیرت کے نام پر جوڑا قتل

Feb 24, 2019

کراچی (لیڈی رپورٹر)شہر قائد میں ایک اور جوڑا غیرت کے نام پرجرگے کے ہاتھوں قتل ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مومن آباد میٹروول کے رہائشی نصیب زر خان اور خاتون واجب سر خان کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا تھا، دونوں کی لاشیں حب کے علاقے سے برآمد ہوئی تھیں۔ پولیس کے مطابق تین روز قبل سرجانی تھانے کی حدود حب ڈیم کے قریب سے ایک لڑکے اور لڑکی کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں تھیں جنہیں گلے پر وار کرکے قتل کیا گیا تھا۔مقتولین میں سے لڑکے کی شناخت 25 سالہ نصیب زر خان کے نام سے ہوئی تھی جب کہ لڑکی کی شناخت بی بی دختر واحب سر کے نام سے کی گئی اور دونوں مومن آباد کے علاقے میٹروول کے رہائشی تھے۔لڑکا نصیب زر جولائی میں گھر میں جھگڑا کرکے چلا گیا تھا جس کے ایک ماہ بعد اگست میں لڑکی بھی لاپتہ ہوگئی تھی۔دونوں کاآبائی تعلق کالا ڈھاکہ خیبرپی کے سے ہے، دونوں کے غائب ہونے کے بعد جرگہ بلایا گیا اور اس میں مبینہ طور پر دونوں کو قتل کرنے کا فیصلہ ہوا۔پولیس کے مطابق دونوں کے اہلخانہ نے مقتولین کی گمشدگی کا مقدمہ درج نہیں کروایا۔ لڑکی کے ورثاء گھر کو تالا لگا کر غائب ہیں۔دونوں کے قتل کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے جس میں کاروکاری کی دفعات شامل ہیں تاہم پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔

مزیدخبریں