کراچی میں زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق 5 بچے آبائی علاقے میں سپردخاک، پھوپھی بھی دم توڑ گئی

Feb 24, 2019

کراچی، لاہور (ہیلتھ رپورٹر، نیوز ڈیسک)زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق بچوں کی پھوپھی بھی دم توڑگئی۔ 28 سالہ بینا ،نجی ہسپتال کے آئی سی یو میں زیرِعلاج تھی۔ ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ نجی ہسپتال میں زیرعلاج جاں بحق بچوں کی پھوپھی 28 سالہ بینا آئی سی یو میں زیرِ علاج تھی جبکہ رات گئے طبیعت اچانک بگڑنے پروینٹی لیٹرپرشفٹ کیا گیا تھا۔اس سے قبل جاں بحق بچوں میں ڈیڑھ سال کا عبدالعلی، 4 سال کا عزیزفیصل، 6 سال کی عالیہ، 7 سال کا توحید اور9 سال کی سلویٰ شامل ہے۔ ہفتے کی علی الصبح بچوں کی میتیں کراچی سے کوئٹہ منتقل کی گئیں جہاں سے ان کے جسد خاکی کوآبائی علاقے لے جایا گیا جہاں انہیں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والا خاندان دو روز قبل کراچی پہنچا تھا اور ایک ریسٹورنٹ کا کھانا کھانے کے بعد پانچ بچے جاں بحق ہو گئے تھے۔ بچوں کی والدہ کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ نماز جنازہ میں نمبری تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشک بار نظر آئی۔

مزیدخبریں