لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات برائے 2019-20ء عاصمہ جہانگیر مرحومہ کے انڈیپنڈنٹ گروپ نے کلین سویپ کرلیا۔ صدر کے عہدے پر حفیظ الرحمان چوہدری اور سیکرٹری کے عہدے پر فیاض احمد رانجھا بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے۔ حفیظ الرحمن چودھری نے 3871 جبکہ ان کے مدمقابل حامد خان گروپ کے امیدوار خادم حسین قیصر 2391 اور ساجد بشیر شیخ 1225 ووٹ لے سکے۔نائب صدر کی نشست پر کبیر احمد چودھری نے 2304 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی ان کے مخالف امیدواروںبیرسٹر چودھری سعید حسین ناگرہ نے 1915، رانا ارشاد منج نے 722، سردار نجیب اکبر خان نے 406 ، شائستہ قیصر نے1381اور وسیم احمد بٹ نے 736 ووٹ حاصل کئے۔سیکرٹری کی نشست پر فیاض احمد رانجھا نے 4659 ووٹ حاصل کئے جبکہ طاہر فاروق 1241 اور چودھری سہیل احمد گجر 1525 ووٹ لے سکے۔فنانس سیکرٹری کی نشست پر دو امیدواروں میں ون آن ون مقابلہ ہوا۔اس سیٹ پرعنصر جمیل گجر 5370 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ان کے مدمقابل مصباح سرور گورائیہ کو 2081 ووٹ مل سکے۔ لاہور ہائی کورٹ کی پرنسپل سیٹ اور اس کے علاقائی بنچز میں عام تعطیل تھی جس کے باعث وکلاء نے بڑی تعداد میں پولنگ کے عمل میں حصہ لیا۔ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ووٹنگ بڑے اچھے ماحول میں ہوئی۔ سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے۔ نو منتخب صدر حفیظ الرحمن چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ان کی کامیابی آئین کی بالا دستی اور قانونی کی حکمرانی پر یقین رکھنے والی قوتوں کی جیت ہے۔وہ وکلاء کے مسائل کے حل کیلئے مکمل کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا ملک بہت نازک دور سے گزر رہا ہے تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا۔جیت کی خوشی میں حامی وکلاء نے ایک دوسرے کو پھولوں کے ہار پہنائے ۔ملتان سے سپیشل رپورٹرکے مطابق ہائیکورٹ بار الیکشن میں مختلف وکلاء گروپوں کے حمایت یافتہ ملک حیدر عثمان کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے 1766 ووٹ حاصل کئے، ان کے مدمقابل محمود اشرف خان 1641 ووٹ حاصل کر سکے۔ تیسرے امیدوار طاہر محمود نے 841 ووٹ حاصل کئے۔ جنرل سیکرٹری کے امیدوار میاں ارشد وقاص چھجڑا 2119 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔ سجاد حیدر سحرا نے 1691، چوہدری محمود علی نے 392 ووٹ حاصل کئے۔ فنانس سیکرٹری کی نشست پر میاں حق نواز 2351 ووٹوں کے ساتھ کامیاب جبکہ محمود احمد انصاری 1820 ووٹ لے سکے۔ بہاولپورسے نامہ نگارکے مطابق ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور کے انتخابات کے نتائج کے مطابق صدر کے لیے امیدوار ندیم اقبال چوہدری نے 1399 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل محمدطیب ضمیر خان نے 863 ووٹ اور تیسرے امیدوار میاں فیض الحسن نے 135 ووٹ حاصل کیے۔ جنرل سیکرٹری کے لیے محمد ایاز کلیار نے 1511 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ ان کے مدمقابل سردار محمد اکرم خان بلوچ نے 882 ووٹ حاصل کیے جبکہ باقی عہدوں پر امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔ آن لائن کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں صدارت کیلئے راجہ انعام امین منہاس ،نائب صدرکیلئے امتیازانورچیمہ،جنرل سیکرٹری کیلئے عمیر بلوچ اور جوائنٹ سیکرٹری کیلئے وقاراحمد گوندل نے میدان مارلیا۔صدر کیلئے راجہ انعام امین منہاس نے679جبکہ مدمقابل بیرسٹرراجہ شعیب رزاق نے475ووٹ حاصل کیے۔ نائب صدر کیلئے امتیازانورچیمہ نے 680جبکہ مدمقابل عمران شوکت رائو نے460ووٹ لیے ،جنرل سیکرٹری کیلئے عمیر بلوچ نے 588جبکہ مدمقابل عمران علی کیانی نے577ووٹ حاصل کیے۔ جوائنٹ سیکرٹری کیلئے وقاراحمد گوندل نے 600جبکہ مدمقابل مظہر الحق ہاشمی نے 550ووٹ حاصل کیے۔
لاہور ہائیکورٹ بار الیکشن: عاصمہ جہانگیر گروپ کا کلین سویپ
Feb 24, 2019