تاخیر سے عوامی مایوسی بڑھ رہی ہے‘ مقدمات جلد نمٹائے جائیں: چیف جسٹس

Feb 24, 2019

کراچی/اسلام آباد(آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ماتحت عدالتوں کو جلد فیصلے نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سندھ ہائیکورٹ میں جج صاحبان کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف جسٹس نے مقدمات کو جلد نمٹانے سے متعلق گائیڈ لائن فراہم کی۔ اجلاس میں ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سمیت ججز صاحبان نے شرکت کی۔ چیف جسٹس نے کہا ماتحت عدالتوں میں بھی فیصلے جلد کیے جائیں، سول، کرمنل اور ریونیو سے متعلق معاملات کو تیزی سے نمٹایا جائے۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا وکلا کی جانب سے مقدمات میں التوا کی حوصلہ شکنی کی جائے، تاخیر کی وجہ سے عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔ حکم امتناع کے معاملات کو سنجیدگی سے دیکھا جائے اور جلد ازجلد نمٹایا جائے۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے بریفنگ کے دوران کہا سول اور کرمنل اپیلوں کو جلد نمٹانے کیلئے سپیشل بنچز ہائیکورٹ میں کام کررہے ہیں۔ کوشش ہے اپیلوں کو جلد تاریخوں پر نمٹایا جائے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے طویل عرصہ سے زیرالتوا مقدمات کو جلد نمٹانے کا حکم دیا۔ اجلاس میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی ایم شیخ و دیگر ججز نے شرکت کی۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا وکلاء کی جانب سے سماعت غیرضروری ملتوی کرنا فیصلے میں تاخیر کی بڑی وجہ ہے۔ جھوٹے مقدمے بازی کی بھی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے چیف جسٹس آف پاکستان کو اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کرمنل، سول اور دیگر مقدمات کیلئے خصوصی بنچ تشکیل دئیے گئے ہیں۔ آپ کی گائیڈ لائن مقدمات جلد نمٹانے میں معاون و مددگار ثابت ہو گی۔ آن لائن کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ گزشتہ روز کراچی پہنچ گئے وہ پیر اور منگل کو کراچی رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔ واضح رہے چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ سنبھالنے کے بعد چیف آصف سعید کھوسہ کا پہلا دورہ کراچی ہے۔

مزیدخبریں