حویلیاں (نوائے وقت نیوز) حویلیاں میں کمرے میں گیس بھر جانے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔ ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں کے نواحی علاقے بھرو ہال میں محسن عباس اور اس کی بیوی رات کو کمرے میں گیس کا ہیٹر جلا کر سو گئے، کمرے میں گیس بھر جانے کے باعث دونوں میاں بیوی جب صبح نہ اٹھے تو رشتہ داروں نے دروازہ توڑ کر نعشیں نکالیں۔ نعشوں کو حویلیاں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس سے قبل بھی ایبٹ آباد میں مختلف مقامات پر گیس لیکج کے باعث 14 جانیں جا چکی ہیں۔