اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ کوہسار کے سیکٹر ایف سیون تھری میں تیز رفتار کار بے قابو ہوکر برساتی نالے میں جاگری جس سے تین لڑکیاں جاں بحق ہوگئیں، کار میں سوار ایک لڑکی اور ایک نوجوان لڑکا زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی صبح کار میں سوار چار لڑکیاں اور ایک لڑکا پربت روڈ سے جا رہے تھے کہ اچانک کار بے قابو ہوکر برساتی نالے میں جاگری ، ڈرائیونگ سیٹ ، فرنٹ سیٹ اور جس سائیڈ سے کار نالے میں گری وہاں بیٹھی تینوں لڑکیاں رمشا ذوالفقار سکنہ سیکٹر ایف الیون فور اسلام آباد ، حناء سکنہ کراچی اور عشا خواجہ سکنہ ڈی ایچ اے فیز2 لاہور موقع پر جاں بحق ہوگئیں جبکہ پچھلی سیٹ پر موجود سیکٹر ایف ایٹ کا رہائشی لڑکا حمزہ احمر سکنہ مین مارگلہ روڈ سیکٹر ایف الیون تھری اور نمرہ سکنہ الیون اس حادثے میں زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے پمس منتقل کردیا گیا پولیس نے بتایا کہ کار میں سوار تمام لڑکیوں کی عمریں25 اور30 سال کے درمیان تھیں نعشیں پمس منتقل کردی گئیں مزید تفتیش جاری ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ خالصتا غفلت اور لاپرواہی میں غیر معمولی تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کی وجہ سے پیش آیا ، کار رمشا زوالفقار چلا رہی تھیں اور کار بھی اسی کی تھی۔