وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت ہمیں مرعوب کرنے یا دبا ئومیں لانے کا خیال دل سے نکال دے۔اسلام آباد میں میڈیاکوبریفنگ دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن بھارت جو جنگی جنون پیدا کررہا ہے اور یہ خیال کررہا ہے کہ ہم مرعوب ہوجائیں گے تو وہ غلط ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی بھی کہہ رہی ہیں کہ آپ لوگوں کو قید کرسکتے ہیں نظریات اور سوچ کو قید نہیں کرسکتے اور یہی پیغام ہر کشمیری مرد عورت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میر واعظ عمر فاروق کہہ رہے ہیں کہ آپ بربریت بڑھاتے چلے جائیں لیکن اس سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو نئی نسل ہے اس میں ایک حریت کی کیفیت جاگ اٹھی ہے اور وہ دبنے والا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سیاست کے لیے اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت اپنے سیاسی مقاصد کے لیے جو جنگی جنون پیدا کررہی ہے اسے فی الفور بند کرے۔
بھارت ہمیں مرعوب کرنے یا دبائومیں لانے کا خیال دل سے نکال دے:شاہ محمود قریشی
Feb 24, 2019 | 15:39