اسلام آباد( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ جب وزیر اعظم عمران خان نے باگ ڈور سنبھالی تو ملک کا دیوالیہ نکلا ہوا تھا لیکن ڈیڑھ سال بعد آج معیشت مستحکم ہے اور مزید بہتری کی جانب گامزن ہے ، حکومت صنعت ،زراعت ، سروسز اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی گروتھ کا پہیہ چلانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے،سابقہ دور میں خلاء میں منصوبوں کاافتتاح کر کے اور شہباز سپیڈ کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا گیا جبکہ موجودہ حکومت اس روایت کو آگے بڑھانے کی بجائے گرائونڈز پر حقیقی عوامی منصوبے شروع کر رہی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ بلاول بھٹو حکومت کے جانے کی پیشگوئیاں کرنے پر اپنی توانائیاں صرف کرنے کی بجائے سکڑتی ہوئی پیپلز پارٹی پر توجہ دیں تو ان کے لئے زیادہ بہتر ہوگا ۔ اپوزیشن اس وقت سیاسی طو رپر بیروزگار ہے اگر وہ اپنے لوگوں کو ساتھ رکھنے کیلئے اس طرح کی سیاسی بڑھکیں لگا رہے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقتدار اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا جبکہ تحریک انصاف اس کے برعکس عوام اور ملک کے مفاد کا تحفظ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سابقہ دور کے بیگاڑ کو درست کرنے کیلئے مشکل اور غیر معمولی فیصلے کئے اور انہی کا نتیجہ ہے کہ آج ہماری معیشت مستحکم ہے ، کرنٹ اکائونٹ خسارہ 20ارب ڈالر سے ڈھائی ارب ڈالر کی سطح پر آ گیا ہے ، ہمارے زر مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہو رہے ہیں ۔