اسلام احترام انسانیت اورمحروم طبقوں کے تحفظ کی تعلیمات دیتا ہے

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)اسلام احترام انسانیت اورمحروم طبقوں کے تحفظ کی تعلیمات دیتا ہے ۔اخوت اسلامی پر مبنی تعلیمی اداروں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسلام مسلم ودیگر غیر مسلم شہریوں کے جان ومال ،عزت وآبرو کے تحفظ کا ضامن ہے۔ حضور اکرم ﷺ کے دور سے اسلامی ریاست میں خواتین کی تعلیم وتربیت کا سلسلہ شروع ہوا۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق خواتین کو حصول تعلیم کا حق حاصل ہے ۔ قاسمیہ کالج برائے خواتین جیسے تعلیمی ادارے وقت کی ضرورت ہیں۔ ریاست پاکستان ایسے تعلیمی اداروں کی قدر کرتی ہے جہاں سے تعلیم کی شمع روشن ہو۔ یہ بات اسلامی نظریاتی کونسل حکومت پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز اور مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے ختم نبوت اسلامک ریسرچ سینٹر میں علماء وطلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مرکزی علماء کونسل کے رہنما مولانا حفیظ الرحمن کشمیری ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ محمد طیب قاسمی،جنرل سیکرٹری پنجاب حافظ مقبول احمد ،مولانا عمر قاسمی،مولانا نعیم طلحہ ،قاری ثاقب عزیز ،مولانا عابد فاروقی،مولانا قاسم فاروقی سمیت کثیر تعداد میں علماء موجود تھے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے آئین وقانون کے پابند ہیں۔ مختلف مسلکوں کا نظریاتی اختلاف ایک حقیقت ہے لیکن اس اختلاف کو علمی اور نظریاتی حدود میں رکھنا ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں انبیاء کرام ؑ ،صحابہ کرام ؓ،ازواج مطہرات ؓ اور اہلبیت ؓ کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھنا ایک اہم فریضہ ہے۔ اختلافات کی آڑ میں تشدد اور قتل وغارت گری اپنے نظریات کو دوسروں پر جبر کے ذریعے مسلط کرنا یا ایک دوسرے کی جان کے درپے ہونا بالکل حرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ 73ء کے آئین کے بعد موجودہ دور میں تمام مکاتب فکر کے علماء اگر کسی ایک نقطہ پر جمع ہوئے ہیں تو وہ پیغام پاکستان ہے۔ اس کا دوسرا مرحلہ برائے منبر ومحراب کا آغاز ہوچکا ہے۔ علماء کرام منبر ومحراب کے ذریعے پیغام پاکستان کو عام کرنے میں اپنا کردار اداکریں ۔ اس سے وطن عزیز پاکستان میں فرقہ واریت ،انتہاپسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان کو قانونی شکل دینے کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل نے اس کی سفارش کی ہے۔ پاکستان میں پہلے کی بانسبت اب مختلف مسالک کے درمیان ہم آہنگی واضح نظر آرہی ہے اور یہ سب کچھ علماء کرام کی حکمت اور محنتوں کا نتیجہ ہے۔ پیغام پاکستان کے متفقہ قومی بیانیہ میں علماء کا ایک اہم نکتہ پر متفق ہونا قابل تحسین عمل ہے۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے قاسمیہ کالج آف کامرس اینڈ سائنسز فاروومن کا بھی دورہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن