ٹرمپ آج بھارت پہنچیں گے: جس سٹیڈیم میں خطاب کرنا تھا اسکا گیٹ گر گیا

Feb 24, 2020

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ بھارت سے ایک روز قبل بھارتی شہر احمد آباد کے کرکٹ سٹیڈیم میں جہاں صدر ٹرمپ جلسہ سے خطاب کریں گے کا وی آئی پی انٹری گیٹ گر گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد کے کرکٹ سٹیڈیم موٹبرا میں صدر ٹرمپ کے داخلے کے لیے جو وی آئی پی گیٹ بنایا گیا تھا اتوار کے روز طوفانی ہوا کی وجہ سے گر کر ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لوہے سے بنایا گیا یہ گیٹ ہوا کے زور سے زمین بوس ہوگیا۔ ادھر بھارتی پولیس نے صدر ٹرمپ کے دورہ بھارت پر انہیں آوارہ بندروں سے بچانے کے لیے اپنی غلیلیں تیار کر لی ہیں۔ پولیس کا خاص دستہ دورہ تاج محل کے موقع پر ان کی حفاظت کرے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج بھارت آ رہے ہیں جہاں وہ آگرہ جاکر تاج محل دیکھیں گے۔ تاج محل کی اطراف میں انتہائی متحرک مکار بندروں کے غول موجود ہیں۔ بندروں کی تعداد 500 سے 700 بتائی جاتی ہے اور وہ یہاں آنے والے سیاحوں سے اشیائے خورد و نوش چھین کر بھی لے جاتے ہیں۔ اس دوران ٹرمپ کئی شہروں کا دورہ بھی کریں گے اور تاج محل کے لیے آگرہ بھی جائیں گے۔ دوسری جانب آگرہ کے رہائشی ان بندروں سے پریشان ہیں جبکہ بچوں پر بندروں کی جانب سے حملوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

مزیدخبریں