وزیراعظم نیب گردی سے مخالفین کو ہٹا سکتے نہ ہمیں خوفزدہ کر سکتے ہیں: بلاول

Feb 24, 2020

ملتان(سپیشل رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا بدنیتی اور انتقامی بنیادوں پر حکمران قومی قیادت کو نیب گردی کے ذریعے ہراساں کرکے زیادہ دیر تک اقتدار پر قابض نہیں رہ سکتے۔ عمران مافیا اپنی چوری چھپانے کے لئے سیاسی مخالفین کو نیب گردی کے ذریعے ان کے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے اور نہ ہی ہمیں خوفزدہ کر سکتے ہیں۔ حکومت کے خلاف عوامی تنائو کا ابلتا لاوا کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔ چہرے نہیں نظام کی تبدیلی وقت کی ضرورت ہے۔ سیاسی پارٹیوں کو پہلے ہی احتساب کے یکطرفہ نظام پر اعتراضات ہیں۔ پرویز مشرف کا بنایا ہوا نیب سیاستدانوں کے ضمیر خریدنے اور آواز دبانے کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔ نااہل سلیکٹڈ حکمرانوں کو تاریخ سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔ تحریک انصاف کی حکومت پارلیمان کو عزت دے رہی ہے اور نہ ہی جمہوری نظام کو۔ پیپلزپارٹی ایسا کوئی قدم اٹھانا نہیں چاہتی ہے جس سے جمہوریت کو نقصان ہو۔ ان خیالات کا اظہار بلاول بھٹو زرداری نے بلاول ہاوس لاہور میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ کشیدہ صورتحال میں ملک تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا لیکن حکمرانوں کو مزید وقت دینے کا مطلب ملک کو مزید تباہی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔ سیاسی انتقام اور مخالفین کو نشانہ بنانا حکومت کی روایت بن گئی ہے۔ ملک کی معیشت کو تباہ کرنے والوں کا انجام قریب ہے۔ ملک کو نا اہل حکمرانوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

مزیدخبریں