واشنگٹن (انٹر نیشنل ڈیسک‘ نوائے وقت رپورٹ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے کا عندیہ دے دیا۔ امریک صدر نے کہا کہ ایک مرتبہ افغان امن عمل مذاکرات کسی نتیجے پر پہنچ جائے تو میں معاہدے پر دستخط کردوں گا۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’جی ہاں! میں اس (معاہدے) پر اپنا نام درج کروں گا۔ تاہم امریکی صدر کا امن معاہدے پر دستخط سے متعلق تازہ بیان سامنے آنے کے بعد معاہدے کی کامیابی کا امکان بڑھ گیا۔ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ معاملات خوش اسلبوی سے طے ہوئے تو طالبان کے ساتھ ڈیل پر دستخط کروں گا۔ سب کچھ ٹھیک رہا تو افغان امن معاہدے پر دستخط کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ امن معاہدے کے بعد امریکی افواج افغانستان سے نکل جائیں گی۔