لندن‘ لاہور (عارف چودھری‘ نیوز رپورٹر) مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف نے کہا ہے کہ مہنگائی14 فیصد اور پالیسی ریٹ13 اعشاریہ 25 فیصد کرنا ہی ملک دشمنی ہے ، حکومتی فیصلے معیشت کے گلے کا پھندا بن گئے ہیں، صنعت بند ہے صرف سرکاری جھوٹ کے کارخانے چل رہے ہیں۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ معیشت کی تباہی کی قیمت قوم اورملک کو ادا کرنا پڑ رہی ہے، قوم نے دیکھ لیا گالیاں دینے سے ملک نہیں چلتے، معیشت بچانے کیلئے فیصلہ قوم کو کرنا ہے اس وقت قومی اتحاد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی14 فیصد اور پالیسی ریٹ13 اعشاریہ 25 فیصد کرنا ہی ملک دشمنی ہے ، حکومتی فیصلے معیشت کے گلے کا پھندا بن گئے ہیں، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کا مزید کہنا ہے کہ صنعت بند ہے، صرف سرکاری جھوٹ کے کارخانے چل رہے ہیں، ایک کروڑ نوکریوں کا خواب دکھا کر لوگوں کو بے روزگار کیا۔ دریں اثناء کشمیری خواتین کے یوم مزاحمت پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 27 سال پہلے 1991 میں 23 اور 24فروری کی درمیانی شب مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کے کنن اور پوش پورہ گائوں میں ظلم کو دنیا نہیں بھولی، کشمیری خواتین کی اجتماعی بے حرمتی کا یہ واقعہ تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ اس واقعہ میں ملوث بھارتی فوج کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ چلایاجائے اور سزائیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں خواتین کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ آج کے دن مقبوضہ کشمیر کے ان دیہات میں مردوں پر بھی انتہائی بہیمانہ تشدد کیاگیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری مائوں، بہنوں، بیٹیوں نے عظیم قربانیوں سے ثابت کیا کہ وہ اپنی آزادی کے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔ کشمیری خواتین کو ان کے لازوال جذبے، قربانیوں اور عزم واستقامت پرسلام پیش کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے ایران میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں پر اظہار تعزیت بھی کیا ہے، کہا ہے برادر ملک ایران اور اس کے عوام سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کے غم میں شریک ہیں۔ حکومت پاکستان بلوچستان کے علاقوں میں ضروری طبی اقدامات کرے۔ ایران کے ساتھ مل کر سرحدی علاقوں میں وائرس سے بچائو کے لئے مشترکہ انتظامات کئے جائیں۔ شہبازشریف کا ایران اور ترکی میں زلزلے سے جانی ومالی نقصان پر اظہارافسوس کرتے کہا ہے کہ ایران اور ترکی کی حکومت عوام سے جانی ومالی نقصانات پر دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ دکھ، پریشانی اور آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام آپ کے ساتھ ہیں۔