صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ازبکستان میں پاکستان کے نامزد سفیر سید علی اسد گیلانی نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں صدر مملکت نےسیاست، تجارت، معیشت اور ثقافت سمیت باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید تقویت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ دوطرفہ اہمیت کے معاملات، علاقائی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح دوروں ، پارلیمانی وفود کےتبادلوں اور وزارتی رابطوں کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے علاوہ ازبکستان میں پاکستانی تیار شدہ مصنوعات ،دوائیں اور خدمات کی برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور ازبکستان كے ساتھ ثقافتی روابط کو تقویت دینے کے لئے بھی کام کیا جائے۔