اسلام آباد (آئی این پی‘ صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے کوئی ضمنی الیکشن نہیں جیتا، حکومت کا ایک ہی کام ہے کہ مخالفین کو ٹارگٹ کرنا ہے۔ منگل کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سعد رفیق نے کہا کہ این اے 75 میں دھاندلی نہیں بلکہ دھاندلا کیا گیا ہے۔ سرکاری فنڈز استعمال کر کے قبل انتخابات دھاندلی کی گئی ہے۔ ڈسکہ میں ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہوئی ہے۔ جبکہ فائرنگ کرکے ووٹرز میں خوف و ہراس پیدا کیا گیا۔ لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ووٹ چرانا قتل سے بڑا جرم اور آئین سے غداری ہے۔ امید ہے الیکشن کمشن ڈسکہ الیکشن کو ٹیسٹ کیس بناتے ہوئے ملوث اہلکاروں کو نشان عبرت بنائے گا۔ شفافیت کے لئے پورے حلقے کا دوبارہ انتخاب کرایا جائے۔ وہ لیگی رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت خود الیکشن چوری کرنے میں ملوث ہے۔ حکمرانوں سے پارلیمان ممبران سمیت ہر کوئی تنگ ہے۔ اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ این اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن میں ڈاکا ڈالا گیا۔ الیکشن کمشن خود کہہ رہا ہے حلقے میں دھاندلی ہوئی۔ حکومتی سازش بے نقاب ہوئی۔
ڈسکہ میں دھاندلا ہوا‘ ووٹ چرانا قتل سے بڑا جرم: مسلم لیگ (ن)
Feb 24, 2021