تعلیم زندگی گذارنے کے بہترین گرسکھاتی ہے:غلام شبیر ناریجو

لاڑکانہ/سکھر(بیورو رپورٹ) کیڈٹ کالج لاڑکانہ میں 29 ویں یوم والدین کی سالانہ تقریب شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اسٹیڈیم کیڈٹ کالج لاڑکانہ میں منعقد کی گئی جس میں مہمان خاص جنرل آفیسر کمانڈنگ 16 ڈویژن پنوعاقل کینٹ میجر جنرل غلام شبیر ناریجو نے شرکت کی جنہوں نے کیڈٹس کی پریڈ اور جنرل سلامی کا معائنہ کیا، صدارتی خطاب کرتے ہوئے مہمان خاص جنرل آفیسر کمانڈنگ 16 ڈویڑن پنوعاقل کینٹ میجر جنرل غلام شبیر ناریجو نے کہا کہ اس حقیقت سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا کہ تعلیم ہی ترقی کا راز مضمر ہے، اساتذہ کا یہ فرض ہے کہ وہ بہتر تعلیم کے ساتھ طلبہ کی کردار سازی پر بھرپور توجہ دیں، تعلیم کا مقصد صرف کتاب میں موجود معلومات تک محدود نہیں بلکہ طلبہ میں حکمت و دانائی، رحم دلی، دلیری، عاجزی و انکساری کے ساتھ ساتھ دیانت داری اوی یقین محکم پیدا کرنا بھی انتہائی ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ کیڈٹس کی محنت اور کام سے لگن دیکھ کر مجھے بڑی خوشی ہوئی کہ انہوں نے نہ صرف تعلیم بلکہ بہتر زندگی گذارنے کے لیے دیگر ضروری امور میں بھی مہارت حاصل کی ہے، ایک طالب علم کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے پرنسپل برگیڈیئر ریٹائرڈ غلام رضا نے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیڈٹ کالج لاڑکانہ 29 سال سے مسلسل نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے کوشاں ہے، اساتذہ و دیگر عملے کی محنت کے باعث یہاں فارغ التحصیل سینکڑوں کیڈٹس آج پاکستان آرمی، سندھ پولیس و دیگر انتظامی شعبہ جات میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں، یہ ادارہ صرف بہترین نمبر پر نہیں بلکہ عملی تعلیم و تربیت پر یقین رکھتا ہے، ہمارے لیے تعلیم صرف نصاب کو یاد کرکے نوکری حاصل کرنے کا نام نہیں، بلکہ ہم نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی نشونما کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر میجر جنرل غلام شبیر ناریجو نے سائنس، آرٹ اور کرافٹ کی نمائش کا افتتاح کیا ۔ سکھر سے بیورو رپورٹ کے مطابق جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) ، پنو عاقل، میجر جنرل غلام شبیر ناریجو نے 22 فروری 2021  کوسکھر آئی بی اے یونیورسٹی کا دورہ کیا اور ایک انٹرایکٹو سیشن   میں طلباء  سے خطاب کیا۔پروفیسر ڈاکٹر سید میر محمد شاہ ، وائس چانسلر ، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی نے یونیورسٹی مینجمنٹ کے ساتھ مل کر مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ میجر جنرل غلام شبیر ناریجو نے یونیورسٹی مینجمنٹ کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے کوالٹی انینسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد داؤدپوٹا نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں دونوں فریقوں نے تعلیمی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔میجر جنرل مسٹر غلام شبیر ناریجو نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے طلباء  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی ایک بہترین ادارہ ہے کیونکہ یہ کل کے معاشی قائدین پیدا کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے مزید کہا  انکا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج کی قربانیوں کی ایک طویل تاریخ ہے۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ نے قومی ترقی میں کردار ادا کرنے پر سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے انتظامیہ کی تعریف کی۔اس موقع سے خطاب کرتے ہوئے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید میر محمد شاہ نے کہا کہ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کا مشن پاکستان کے عوام کی خدمت کرنا ہے اور ہم پسماندہ طبقے کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ذریعہ ملک کی معاشی و معاشرتی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن