ملتان (نمائندہ نوائے وقت) وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا ہے کہ جذبہ حب الوطنی سے بڑھ کر کچھ مقدم نہیں پاکستان تحفہ خداوندی ہے ہمیں تعصبات سے بالاتر ہوکر ملک وقوم کے لئے کام کرنا ہوگا۔ تعلیم وتعلم درس وتدریس فکروشعور سے سماجی ہم آہنگی پیدا کی جاسکتی ہے۔ ملک اب مزید تعصبات کا متحمل نہیں ملکی سلامتی کیلئے افواج پاکستان کا کردار تاریخ کا ایک روشن باب ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس ملتان کے آڈیٹوریم میں مرکز برائے سماجی تشکیل نو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام بسلسلہ ہم پاکستانی دوروزہ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے ہم ذاتی یا انفرادی فوائد کی بجائے قومی اجتماعی ملکی ترقی و اصلاح کے فوائد ونتائج کو مدنظر رکھیں۔ ملک کو خارجی وسرحدی سطح پر افواج پاکستان نے ناقابل شکست بنادیا ہے اندرونی خلفشار کے مکمل خاتمے کیلئے اساتذہ و تمام شعبہ جات کے افراد کو موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر ملتان کیمپس قیصر عباس کاظمی کا کہنا تھاکہ عصر حاضر میں انسانی قدروں کی پہچان اور احترام آدمیت کے فروغ کا طرز عمل اپنانا ہوگا بلاجواز اختلافات سے کبھی کسی کو فائدہ حاصل نہیں ہوا بلکہ سماجی اقدار متاثر ہوئیں اور ملکوں کی ترقی کو بھی بریک لگی۔ ممبر صوبائی اسمبلی رہنما پی ٹی آئی واصف مظہر راں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری فورسز نے دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا اب اس پر امن ماحول کو برقرار رکھنا ہر ایک پاکستانی کی اولین ذمہ داری ہے ۔ ممبر صوبائی اسمبلی بیگم شاہینہ کھوسہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے اور اس ملک سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہمیں اس نعمت کی قدر کرنے کی ضرورت ہے۔ ایس پی رضا کا کہنا تھا کہ ملک وقوم کیلئے پولیس افواج کے جوانوں بیشمار قربانیاں پیش کیں جو کہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دروزہ تربیتی سیشن ہم پاکستانی میں ڈاکٹر ضیاء الحق، میڈم شاہدہ تنویر،طاہر اسلام عسکری ، طوبی سلیم ، محمد ندیم ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
پاکستان تحفہ خداوندی‘ تعصبات سے نکلنا ہو گا: ڈاکٹر ضیاء القیوم
Feb 24, 2021