اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) نیب لاہور نے گذشتہ تین سال کے دوران 384 بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 18 ارب 20 کروڑ 32 لاکھ روپے برآمد کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں جبکہ 107 بدعنوانی کے ریفرنسز دائر کئے گئے ہیں جن کی مالیت 40 ارب 76 کروڑ 70 لاکھ روپے بنتی ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب ہیڈکوارٹرز میں نیب لاہور کی کارکردگی سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں 2018 سے 2020 کے دوران نیب لاہور کے مقدمات میں سزا کی شرح کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور میجر (ر) شہزاد سلیم نے بتایا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی دانشمندانہ قیادت میں نیب لاہور نے 2018 میں نیب آرڈیننس کے سیکشن 10 کے تحت 28 مجرموں کو سزا دلوائی اور ان سے 1180.442 ملین روپے وصول کئے گئے۔ 2019 میں دو ملزمان سے 28.727 ملین روپے جرمانہ وصول کیا گیا، 2020 میں 13 ملزمان سے 130.384 ملین روپے وصول کئے گئے۔ اسی طرح نیب آرڈیننس کے سیکشن 25 بی کے تحت پلی بارگین کے ذریعے 2018 میں 62 ملزمان سے 3148.235628 ملین روپے، 2019 میں 59 ملزمان سے 508.894093 ملین روپے اور 2020 میں 26 ملزمان سے 4105.095427 ملین روپے وصول کئے گئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہا۔
384 افراد سے 18 ارب 20 کروڑ برآمد کر کے خزانے میں جمع کرائے: ڈی جی نیب لاہور
Feb 24, 2021