جاپانی حکومت کا 5 صوبوں میں ہنگامی حالت کے خاتمے پر غور

Feb 24, 2021 | 16:09

ویب ڈیسک

جاپان کے وزیراعظم سوگا یوشی ہیدے اور کورونا وائرس کے سرکاری انسدادی اقدامات کے نگران وزرا کی جانب سے اوساکا اور کیوتو سمیت پانچ صوبوں میں ہنگامی حالت ختم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے،یہ پانچ صوبے اوساکا، کیوتو، ہیوگو، آئچی اور گِفو ہیں جبکہ ٹوکیو اور 9 دیگر صوبوں میں 7 مارچ تک ہنگامی حالت نافذ رہے گی۔اوساکا، ہیوگو اور کیوتو کے گورنروں نے مرکزی حکومت سے اپنے صوبوں میں ہنگامی حالت قبل از وقت ختم کرنے کی منگل کے روز درخواست کی۔ ان تین مغربی صوبوں میں نئی انفیکشنز اور ہسپتالوں میں داخل افراد کی تعداد میں کمی آئی ہے۔وسطی جاپان میں واقع آئچی صوبے کے گورنر نے رواں ماہ کے اختتام تک ہنگامی حالت ختم کرنے کے امکان کا جائزہ لینے کے لیے ہمسایہ صوبے کے حکام سے بات چیت شروع کر دی ہے۔توقع ہے کہ وزیراعظم سوگا یوشی ہیدےمعاشی احیا کے وزیر نشی مورا یاسوتوشی اور وزیر صحت تامورا نوری ہیسا کے ساتھ ملاقات میں ان پانچ صوبوں سے ہنگامی حالت ختم کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔

مزیدخبریں