مصر روس سے لڑاکا طیارے نہ خریدے۔امریکہ کا انتباہ

Feb 24, 2021 | 16:40

ویب ڈیسک

 امریکہ نے مصر کی جانب سے روس سے لڑاکا طیارے خرید کرنے کے معاملے پر باضابطہ طور پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق امریکی وزیرخارجہ انتونی بلینکن نے مصری ہم منصب سامح شکری سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے اور انھیں روس سے لڑاکا جیٹ خریدنے کے معاملے پر امریکہ کی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔انتونی بلینکن نے کہا کہ امریکہ اور مصر کے درمیان مضبوط تزویراتی شراکت داری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی ہے۔بالخصوص انھوں نے سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں تعاون سمیت علاقائی امورکے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیرخارجہ نے انسانی حقوق کے بارے میں اپنی تشویش کااظہار کیا ہے جو امریکہ اور مصر کے دوطرفہ تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔انھوں نے مصر کے روس سے ایس یو35 سخوئی لڑاکا جیٹ خرید کرنے پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔نیڈ پرائس کے بقول دونوں وزرائے خارجہ نے لیبیا میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں امن بات چیت اور مشرقِ وسطی امن عمل کے بارے میں بھی گفتگو کی ہے۔

مزیدخبریں