وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقدہوا، جس میں صوبے کی مالی پوزیشن اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا-وزیر اعلی عثمان بزدارنے ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ جاری ترقیاتی سکیموں کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کیا جائے- وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سیکرٹریز کو ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا خود جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہاکہ فلاح عامہ کی سکیموں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف وسائل کی بچت ہوتی ہے بلکہ ان سکیموں کے ثمرات سے عوام بھی مستفید ہوتے ہیں -ترقیاتی سکیموں میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی- فنڈز کے بروقت استعمال کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا مؤثر نظام ضروری ہے۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مقررکردہ اہداف کو ہر صورت حاصل کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ میں جلد پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا دورہ کروں گا اورمحکموں کی جانب سے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر ہونے والی پیشرفت کا خود جائزہ لوں گا- وزیر اعلی عثمان بزدارنے مالی ڈسپلن کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ جاریہ اخراجات میں کمی کے لئے آؤٹ آف دی باکس حل سامنے لائے جائیں اورفلاح عامہ کی سکیموں کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرنے پر فوکس کیا جائے-اجلاس کے دوران وزیر اعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری 2021 تک صوبے نے محصولات کی مد میں 1047 ارب روپے وصول کئے ہیں اور رواں مالی برس کی محصولات گزشتہ برس کے مقابلے میں تقریبا 7 فیصد زائد ہیں جبکہ 191 ارب روپے ترقیاتی فنڈز کی مد میں جاری کر چکے ہیں -سیکرٹری خزانہ نے صوبے کی مالی پوزیشن اور جاریہ اخراجات کے بارے میں بریفنگ دی-صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس، ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار مزید تیزاورمالی ڈسپلن یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کا حکم
Feb 24, 2021 | 18:56