ہاتھ جوڑنا امن کی علامت، محبت  کا پیغام اور ہمارا کلچر ہے، دھانی

لاہور(یواین پی)پاکستان کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بالر اور ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی کا کہنا ہے کہ ہاتھ جوڑنا امن کی علامت اور محبت کا پیغام ہے۔ شاہنواز دھانی نے کہا کہ  سر ویوین رچرڈز کا تالیاں بجانا میرے لیے بہت بڑا لمحہ تھا۔انہوں نے ہاتھ جوڑنے کے انداز کے متعلق بتایا کہ یہ امن کا پیغام ہوتا ہے۔شاہنواز دھانی نے بتایا کہ یہ طریقہ ہمارا کلچر ہے اور یہ محبتوں اور دعاؤں کا شکریہ کرنے کا بھی ایک انداز ہے۔شاہنواز دھانی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف وکٹ حاصل کرنے کے بعد دو بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈگ آؤٹ کے سامنے جا کر سر ویوین کے آگے جشن منایا۔شائقین کے جانب سے اسے بہت پسند کیا گیا جب کہ کچھ کرکٹ شائقین نے اس پر ناراضی کا اظہار کیا۔نجی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ شاہنواز دھانی کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا اور ملتان سلطانز کی مینجمنٹ کو سمجھانا چاہیے۔انضمام الحق نے بتایا کہ جب میں پشاور زلمی کے ساتھ تھا تو مینجمنٹ سے کہہ کر کچھ کھلاڑیوں کو ایسے جشن منانے سے منع کیا۔

ای پیپر دی نیشن