سیکورٹی فورسز کا آپریشن،کمانڈر سمیت12دہشت گرد ہلاک

Feb 24, 2022


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی)  سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والوں میں اہم کمانڈر ماسٹر آصف عرف مکیش شامل ہے۔ ہلاک دہشت گرد تربت اور پسنی کے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ ہتھیار سکیورٹی فورسز پر حملوں میں استعمال ہونے تھے۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہیں گے، بلوچستان میں امن و ترقی کا عمل سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں آپریشن کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2دہشت گرد مارے گئے جن کی شناخت فضل رحمان عرف خیری کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے سب مشین گنز، ہینڈ گرنیڈ اور کثیر مقدار میں کیلیبر رائونڈز برآمد کرلئے گئے۔ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

مزیدخبریں