اسلام آباد (خبر نگار) حکومت نے اسحاق ڈار کی نشست خالی قرار دینے کی استدعا کر دی۔ سینٹ میں قائد ایوان شہزاد وسیم نے چیئرمین سینٹ و چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔ قائد ایوان سینٹ شہزاد وسیم نے خط میں مؤقف اپنایا کہ سپریم کورٹ نے 21 ستمبر 2021ء کو اسحاق ڈار کی نشست کے خلاف سٹے آرڈر خارج کیا۔ الیکشن آرڈیننس 2021ء کی شق 72 اے کے تحت چالیس روز میں حلف اٹھانا لازم ہے۔ دسمبر 21 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سیٹ خالی ہو گئی۔ خط میں چیف الیکشن کمشنر سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کمشن اسحاق ڈار کی نشست خالی قرار دیکر شیڈول جاری کرے۔ گزشتہ روز چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ورچوئل حلف کی درخواست کو غیر آئینی قرار دیکر مسترد کر دیا تھا۔
حکومت نے اسحاق ڈار کی نشست خالی قرار دینے کی استدعا کر دی
Feb 24, 2022