امریکہ جنگ کو ہوادے رہا،چین جاپان ،کینڈا،آسٹریلیا نے بھی روس پر پابندیاں لگا دیں

Feb 24, 2022


بیجنگ، ٹوکیو، ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک، آئی این پی‘شنہوا) چین نے روس پر پابندیاں عائد کرنے پر امریکا کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جوبائیڈن انتظامیہ یوکرین کے معاملے کو ہوا دے رہی ہے۔ چین نے  روس پر پابندیوں اور یوکرائن کو اسلحے کی فراہمی کے اعلان کی مذمت کی ہے اور اس اقدام کو خطے میں جنگ کے مترادف قرار دیا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چوئی ننگ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امریکا کا اقدام تنائو میں اضافہ، خوف و ہراس پھیلانے اور جنگ کو ہوا دینے کا سبب بن رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ یوکرائن کی صورتحال عالمی امن اور سکیورٹی کے لئے خطرہ ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے روسی ہم منصب سرگئی لاؤروف کے ساتھ شیڈول ملاقات منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ روس کی جانب سے جنگ کے اعلان کے بعد ملاقات کا کوئی مقصد نہیں ہے۔ برطانیہ اور یورپی یونین کے بعد کینیڈا اور جاپان‘آسٹریلیا نے بھی روس کے خلاف پابندیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکہ اور یوکرائن نے جرمنی کی جانب سے روس سے گیس کی فراہمی کے منصوبے نورڈ سٹریم 2 کو روکنے کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ روس نے یوکرائن سے سفارتی حملے کے انخلاء کا آغاز کر دیا۔ جرمن وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ روس نے اپنے اقدامات سے خود کو تنہا کر لیا۔ روسی صدر نے کہا ہے کہ روس مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ سکیورٹی اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ یوکرائن کی قومی سلامتی کونسل نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی منظوری دیدی۔ یوکرائنی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد ایمرجنسی نافذ ہو گی۔ یوکرائن سے علیحدہ ہونے والے علاقے کے سربراہ نے یوکرائنی حکومت کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔ سربراہ ڈونیسک ریپبلک نے کہا ہے کہ روس سے عسکری مدد مانگنا  ہمارا اختیار ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے یوکرائن کو مزید فوجی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی انٹیلی جنس نے یوکرائن کو 48 گھنٹے میں بڑے حملے کی اطلاع دی ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرائنی ہم منصب کو حملے سے متعلق انٹیلی جنس جائزوں سے آگاہ کیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق انٹیلی جنس کے مطابق یوکرائن پر بڑے حملے سے قبل سائبر حملے ہوں گے۔ روس کروز میزائل‘ فضائی اور زمینی حملے کرے گا۔ روس نے یوکرائن پر جاسوسی پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ روس مشرق اور شمال دو طرف سے یوکرائن پر حملہ کرے گا۔ دریں اثناء یوکرائن کی حکومت‘ وزرات خارجہ سمیت کئی ریاستی ویب سائٹس پر رسائی معطل ہو گئی۔ یوکرائن کے صدر نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ جاری تعطل کو ختم کرنے کیلئے سکیورٹی ضمانت چاہتے ہیں۔ کئی مرتبہ کہہ چکا ہوں روسی صدر بیٹھ کر مذاکرات کیلئے بات چیت کریں۔

مزیدخبریں