پی ٹی آئی سندھ کے پسے  عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی :وزیرخارجہ 

Feb 24, 2022

اسلام آباد(آئی این پی)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا  ہے کہ تحریک انصاف سندھ کی ترقی اور عوام کے حقوق کی فراہمی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے،پی ٹی آئی سندھ کے پسے ہوئے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی ۔بدھ کو اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے ملاقات کی، ملاقات میں معاون خصوصی سندھ افیئرز ارباب غلام رحیم بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران سندھ حقوق مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ معاون خصوصی سندھ افیئرز ارباب غلام رحیم نے سندھ حقوق مارچ کے انتظامات پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو بریفینگ دی۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے پسے ہوئے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی، تحریک انصاف سندھ کی ترقی اور عوام کے حقوق کی فراہمی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سندھ حقوق کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں