بائیو فورٹی فائیڈ کراپس پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

ملتان (خبر نگار خصوصی)سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل سے این جی او (گین) کے وفد کی ملاقات، اس موقع پر سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب سید شعیب اقبال بھی موجود تھے۔ جنوبی پنجاب میں بائیو فورٹی فائیڈ کراپس کی کمرشل بنیادوں پرکاشت کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ خانیوال میں پائلٹ پراجیکٹ بنایا جائے جس کیلئے محکمہ زراعت ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔پائلٹ پراجیکٹ کے نتائج بھی شیئر کرنے کی ہدایت۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ملٹی سیکٹورل مال نیوٹریشن پروگرام جاری ہے۔ روزمرہ کی خوراک میں آئرن، زنک اور دیگر منرلز کو شامل کرکے اس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گندم کم قیمت اور روز مرہ خوارک کا لازمی جزو ہے۔ گندم کی جدید اور بہتر غذائی صلاحیت والی اقسام متعارف کرائی گئی ہیں تاکہ خوراک میں زنک، بوران اور آئرن سمیت دیگر اجزا کی کمی کودور کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں 68 فیصد آبادی جبکہ پوری دنیا میں ایک تہائی افراد اجزائے صغیرہ کی کمی کا شکار ہیں۔ وفد کے شرکا نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ گین کے تحت صوبہ کے 5اضلاع میں مال نیوٹریشن کے منصوبہ پر کام جاری ہے جن میں سے جنوبی پنجاب کے 4 اضلاع ملتان، خانیوال، بہاولپور اور رحیم یار خان شامل ہیں۔ وفد کے شرکا نے سیکرٹری زراعت سے جنوبی پنجاب میں مال نیوٹریشن ڈویلپمنٹ پلیٹ فار م قائم کرنے کی درخواست بھی کی۔

ای پیپر دی نیشن