خان گڑھ(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری انفارمیشن و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمدخان نے اپنے حلقہ انتخاب کے علاقوں شاہ جمال، وسندیوالی، روہیلانوالی اور خانگڑھ سمیت دیگر علاقوں میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حکومت کے خلاف لانگ مارچ میں شرکت کیلئے ووٹروں، سپورٹروں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں لانگ مارچ میں شرکت کرنے کی دعوت دی اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے بارڈر پر صدر پیپلزپارٹی مخدوم سیداحمدمحمود ان کا استقبال کریں گے جبکہ 3 مارچ کو جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں پیپلزپارٹی ڈیرہ غازی خان ریجن، ملتان ریجن اور بہاولپور ریجن کے عہدیدران و جیالے سابق وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی کی قیادت میں قافلے کا استقبال کریں گے جس کیلئے تمام لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے اور جنوبی پنجاب کے علاقوں سے 5000 گاڑیوں کے ایک بڑے قافلے کی شکل میں ایم این اے نوابزادہ افتخار احمد خان کی قیادت میں قافلہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا ملتان میں استقبال کرے گا اور اگلے روز اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا رخ ہوگا۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حکمرانوں کے رخصت کے دن آ چکے ہیں اور عوام کی بددعائیں ہی حکمرانوں کی کشتی ڈبونے کیلئے کافی ہیں انہوں نے کہا کہ جی کا جانا ٹھہر گیا ہے ۔