اسلام آباد (وقائع نگار+ آئی این پی) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نیب ریفرنس میں بری ہو گئے۔ احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، شاہد رفیع اور طاہر بشارت چیمہ کے خلاف نیب کا نوڈیرو پاور پلانٹ ریفرنس خارج کر دیا، اور عدالت نے ریفرنس پر تمام کارروائی ختم کر دی۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، جس میں عدالت نے ملزمان کی بریت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ریفرنس خارج کردیا۔ ریفرنس میں مجموعی طور پر 10 ملزمان نامزد کیے گئے تھے، جس میں سے دو ملزمان پہلے ہی بری ہو چکے تھے، اور ایک ملزم انتقال کرگیا تھا۔ علاوہ ازیں دوسرے کیس میں احتساب عدالت نے نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس میں احسن اقبال کی بریت کی درخواست مسترد کر دی۔ احسن اقبال کی جانب سے بریت کے لیے درخواست دائر کی تھی جس پر دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ اس موقع پر احسن اقبال نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ مقدمے سے بری کیا جائے، پراسیکوشن اس مقدمے میں کوئی ثبوت مہیا نہیں کرسکی کہ منصوبے میں کرپشن ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مقدمات کے ذریعے حکومت صرف ہماری کردار کشی کررہی ہے، ہر ہفتے ہماری پیشی لگتی ہے، غیر ضروری کام میں پھنسانا حکومت کی حکمت عملی ہے۔
نوڈیرو پلانٹ ریفرنس ، پرویز اشرف بری : نارووال سپورٹ سٹی ، احسن اقبال کی بریت درخواست مسترد
Feb 24, 2022