لاہور(خصوصی نامہ نگار)ڈائریکٹرجنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا ہے کہ علماء جدید رجحانات سے آگاہ اور محراب و منبر دینی و ملی اقدار و روایات کے امین ہیں۔ قومی یکجہتی اورملکی استحکام کے حوالے سے علماء وخطبا کا کردار تابناک ہے۔ مساجد اور محراب ومنبر علوم ومعارفِ دینیہ کے امین او ر رواداری ، انسان دوستی اور اخوت و بھائی چارے کے علمبردار ہیں۔بین المذاہب مکالمہ اور بین المسالک ہم آہنگی کی بنیادوں کو علمی ، دینی اور تحقیقی سطح پر استوار کرنے میں علماء وخطباء کا کلیدی کردار ہے ، جس کے لیے وہ ہمہ وقت مصروفِ عمل ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز میں 43 ویں آئمہ و خطباء کو رس کے دورہ کے موقع پر شرکاء کورس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز کو فعال بنانے کیلئے انسٹیٹیوٹ کی بلڈنگ کی تعمیر و تزئین کے دیگر امور پر پیشرفت جار ی ہے۔ انسٹیٹیوٹ کے مقاصد اور زیر التوامعاملات اور مستقبل کے منصوبہ جات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے جملہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔