حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت +نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر حافظ آبادمحمد آصف رضا نے کہا ہے کہ شہریوں کی سہولیا ت کیلئے پارکوں کی تزئین وآرائش جاری ہے۔ شہریوں کو سیر وتفریح کی سہولیا ت کی فراہمی کیلئے شہر کے دونوں پارکوں کی تزئین وآرائش،بچوں کیلئے جھولے اور دیگر سہولیات کو فعال بنایا جارہاہے تا کہ لوگ ان پارکوں میں آکر سیرو تفریح اور مثبت سر گرمیوں سے مستفید ہوسکیںاس سلسلہ میں ایم سی افسران کو ایک ہفتہ میں تمام انتظامات کو مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار فیملی پارک کالج روڈ اور ساگر روڈ پارک کے دورہ کے موقع پر کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حامد ناصر گورائیہ ، چیف آفیسر ایم سی حیدر علی چٹھہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر دونوں پارکوں کا تفصیلی دورہ کیا اور ایم سی افسران کو ہدایت کی کہ پارکوں کی ٹوٹی ہوئی چاردیواری کو فوری طور پر مرمت کر وایا جائے۔ پارکوں میں موسم بہار کی مناسبت سے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی جائے ۔ پارک میں سیروتفریح کیلئے آنے والے افراد کے بیٹھنے کیلئے مناسب انتظام، پینے کے لیے صاف پانی، واش روم،کی سہولیات بھی بہتر بنائی جائیں۔