لاہور ( کامر س رپورٹر) حکومت دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے کیونکہ ہمارا عزم ہے کہ لائیوسٹاک، ڈیری اور پولٹری کے شعبوں کو دنیا کے سامنے ’’کامیابی کی مثال‘‘ بنائیںیہ بات صوبائی وزیر لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ سردار حسنین بہادر دریشک نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے زیر اہتمام ہونے والے پبلک پرائیویٹ مکالمے کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہی چیئرمین پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری وتجارت فضیل آصف جاہ نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت لائیو سٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور صوبے میں گوشت، دودھ اور پولٹری کی پیداوار بڑھانے کے عزم میں سنجیدہ ہے۔ یہ شعبہ ملک میں اقتصادی ترقی، غذائی تحفظ اور غربت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ لائیو سٹاک اور ڈیری کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہت زیادہ امکانات ہیں، ہمیں اپنی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن کی طرف خصوصی توجہ دینا ہوگی کیونکہ اس سے ہم اپنی مصنوعات پر خاطر خواہ منافع کما سکتے ہیں۔ مکالمے کے شرکاء نے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کی کوششوں کو سراہا۔