ماسکو: وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے کیلئے روس پہنچ گئے جہاں پاک روس دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے پیش رفت متوقع ہے، صدر ولادی میر پیوٹن سے ون آن ون ملاقات آج ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان دو روزہ دورے کیلئے گزشتہ شب روسی دارالحکومت ماسکو پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔ ماسکو ائیرپورٹ پر ریڈ کارپٹ پر وزیر اعظم کا شاندار استقبال کیا گیا۔ گارڈ آف آنر کے دوران دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے۔روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان افغانستان، اسلاموفوبیا اور خطے کی سکیورٹی صورتحال کے علاوہ دیگر اہم امور پر بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔ پاک روس دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بھی گفتگو ہوگی۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر وزیر اعظم کے دورۂ روس کو اس لحاظ سے اہمیت حاصل ہے کہ روس یوکرین تنازعہ عالمی برادری کی تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔ صدر ولادی میر پیوٹن نے یوکرین کے علیحدگی پسند علاقوں کو تسلیم کرنے کا اعلان کرکے امریکی حکام کی نیندیں اڑا دیں۔
امریکی حکومت کی طرف سے وزیر اعظم کے دورۂ روس کے متعلق ردِ عمل دینے سے اجتناب کیا جارہا ہے۔ محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو یوکرین تنازعے پر امریکی کاوشوں سے آگاہ کردیا ہے۔ عمران خان کے دورۂ روس کی ٹائمنگ پر تبصرہ نہیں کرسکتا۔