چینی سرمایہ کارمنصوبے شروع کرنے کے منتظر ، چیمبرز جلد بجٹ تجاویز بھیجیں:رضاعباس


لاہور(کامرس رپورٹر ) انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر رضا عباس شاہ نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد ای وی بائیکس، پنکھے اور ایل ای ڈی لائٹس کے شعبوں میں منصوبے شروع کرنے کے منتظر ہیں اور پالیسیوں کی منظوری کا انتظار کر رہے ہیں۔ یہ بات انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او رضا عباس شاہ نے گزشتہ روز لاہور چیمبر میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور سے ملاقات کے دوران بتائی۔ اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین موجود تھے۔سی ای او نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چیمبرز ہمیں جلد از جلد بجٹ تجاویز بھیجیں کیونکہ جتنی جلدی تجاویز آئیں گی، ہمارے پاس تیاری کیلئے زیادہ وقت ہو گا۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ہماری صنعتوں کو بہت زیادہ خام مال اور ضروری مشینری درآمد کرنی پڑتی ہے جس پر 100 فیصد کیش مارجن ادا کرنا پڑتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اس پر تاجر برادری کو منافع دے۔ اضافی کسٹم ڈیوٹی، ود ہولڈنگ ٹیکس، زیر التواء ریفنڈز اور متعدد آڈٹس وہ مسائل ہیں جن کی وجہ سے تاجر برادری کیلئے اپنے کاروبار کو جاری رکھنا ناممکن ہو گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن