لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چودھری پرویزالٰہی سے جلیل احمد شرقپوری‘ احمد نواز‘ عثمان خان عباسی‘ محمد گزین خان عباسی اور یعقوب شیخ نے ملاقات کی اور پی ٹی آئی کے مرکزی صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور گلدستے پیش کئے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال‘ ملکی معاملات اور جیل بھرو تحریک پر بات چیت کی گئی۔ پرویزالٰہی نے سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کی تاریخ کے معاملے کا ازخود نوٹس لینے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ ہی اس وقت عوام کی امیدوں کا مرکز ہے۔ امید ہے کہ عدلیہ آئین کی بالادستی کیلئے تاریخی فیصلہ دے گی۔ جیل بھرو تحریک میں آئین کے تحفظ کیلئے پارٹی رہنمائوں‘ کارکنوں اور عوام کا جذبہ قابل ستائش ہے۔ حقیقی آزادی اور پاکستان کی ترقی کیلئے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے۔ عوام کو عمران خان نے شعور دے دیا۔ وفاقی اور نگران حکومت یاد رکھے کہ ان کو پنجاب اور کے پی کے میں الیکشن 90 دن میں ہی کرانا ہونگے۔
الیکشن تاریخ معاملہ پر عدلیہ کا ازخود نوٹس خوش آئند: پرویزالٰہی
Feb 24, 2023