وزیر خزانہ کی ازبک صدر سے ملاقات، تجارتی معاہدے کے جلد اطلاق پر غور 

Feb 24, 2023


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ این این آئی)  وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ازبکستان کے صدر سے ملاقات کی اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ازبک صدر کو وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون بڑھائے تجارتی معاہدوں کے جلد اطلاق پر غور کیا گیا۔ ازبک صدر نے بس سروس اور ریل منصوبے پر زور دیا اور کہا کہ ریل لائن وسط ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی بندر گاہوں سے منسلک کر سکتی ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستانی وفد ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند پہنچا تو سینیٹر ازبک حکام نے استقبال کیا۔ وفد آٹھویں پاکستان ازبکستان مشترکہ وزارتی کمشن کے اجلاس میں شرکت کرے گا۔ وفاقی وزیرخزانہ ازبکستان کے نائب وزیر وزارت سرمایہ کاری وبیرونی تجارت بدرالدین عابدوف کے ہمراہ اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ بدرالدین عابدوف نے دیگر سینئر حکام کے ساتھ پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا۔

مزیدخبریں