لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی ایس ایل کے پریکٹس میچوں کے دوران ٹریفک کی روانی کیلئے ٹریفک حکام اور انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیموں کی آمدورفت کے دوران ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے موثر مینجمنٹ کی جائے اور سکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے ٹریفک کی بندش کا دورانیہ کم سے کم ہونا چاہئے۔ ٹویٹ میں کہا کہ روانی متاثر ہونے پر شہریوں کی مشکلات میں معذرت خواہ ہوں۔ سنٹر پوائنٹ انڈر پاس کو دن رات کی محنت کے بعد 25 فروری سے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا جس سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔ محسن نقوی نے حکام کو سنٹر پوائنٹ انڈر پاس کی تعمیر جلد سے جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں اور کہا ہے کہ عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے پھالیہ کچہری کے باہر فائرنگ سے تین افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اور گوجرانوالہ میں تشدد کے بعد گھریلو ملازمہ کے قتل کا واقعہ نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ محسن نقوی نے واقعہ میں ملوث ملزموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزموں کو قانون کے تحت سخت سزا ملنی چاہئے۔