اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت نے لانگ مارچ جلاؤ گھیراؤ کیسز میں آئندہ سماعت پر ڈی ایس پی لیگل کو ریکارڈ کیساتھ طلب کرلیا۔ تحریک انصاف کے رہنما شہرام ترکئی کی تھانہ گولڑہ میں درج مقدمہ کے اخراج کی درخواست پر سماعت کے دوران وکیل انتظار حیدر پنجوتھہ عدالت پیش ہوئیاور موقف اختیار کیاکہ درخواست گزار پر اسلام آباد میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا الزام ہے،تفتیشی افسر نے کہاکہ مقدمہ سے جْڑے حقائق یو ایس بی بھی میں موجود ہیں،عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے مقدمہ کا ریکارڈ پیش نہ کئے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں کیا پتہ کہ یو ایس بی میں گانے ہیں یا فلمیں ، ٹرانسکرپٹ کہاں ہے، عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے ٹرانسکرپٹ پیش نہ کئے جانے پربھی سخت برہمی کااظہار کیا اور حکم دیاکہ ڈی ایس پی لیگل ریکارڈ کیساتھ آئندہ سماعت پر پیش ہوں،عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی۔