اسلام آ باد (نامہ نگار ) حکومت نے اگست اور ستمبر 2022کے موخر بقایاجات کی وصولی کے لیے نیپرا میں درخواست دائرکر دی ہے۔ نیپرا بجلی 14روپے 24پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت 2مارچ کو کرے گا۔ اپنی درخواست میں حکومت نے بجلی صارفین سے بقایا جات 8ماہ میں وصول کرنے کی استدعا کی ہے۔ نیپرا کو کی گئی درخواست منظور ہونے پر اس کا اطلاق ملک بھر کے صارفین بشمول کے الیکڑک اور زرعی صارفین پر بھی ہوگا۔ 200یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے کے الیکڑک صارفین سے9.97روپے فی یونٹ جب کہ 300یونٹ والے صارفین سے 13روپے 87پیسے فی یونٹ وصولی کی اجازت مانگی گئی ہے۔ ملک کے دیگر حصوں میں 200یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے 10روپے 34پیسے جب کہ 300یونٹ تک کے صارفین سے 14روپے 24پیسے وصولی کی درخواست کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ زرعی صارفین سے 9روپے 90پیسے فی یونٹ وصولی کی اجازت مانگی گئی ہے۔
اگست، ستمبر 2022کے موخر بقایاجات کی وصولی کے لیے نیپرا میں درخواست
Feb 24, 2023