لاہور(سپیشل رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے لیے الیکشن کے انعقاد کے لیے الیکشن بورڈ نے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئر مین الیکشن بورڈ عمران مسعود چودھری ، ڈپٹی چیئر مین سردار ایس اے طاہر ،ڈپٹی چیئر مین خالد جمیل نے میڈیا کو بتایا 26ہزار سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔لاہور ہائی کورٹ میں مختلف جگہوں پر 7پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جبکہ خواتین وکلا کے لیے الگ پولنگ بوتھ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اور رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کے مشکور ہیں جنہوں نے الیکشن کے دن سکیورٹی سمیت دیگر معاملات پر تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک نیا فیشن چل نکلا ہے انتخابات کے بعد کامیاب ہونے والے امیدواروں کے حمایت یافتہ وکلاء خوشی منانے کے لیے ہوائی فائرنگ کرتے ہیں یہ عمل وکلاء برادری کی بدنامی کا باعث بنتا ہے جس پر مکمل طور پر پابندی ہے۔ اس عمل کو انفرادی اور اجتماعی طور پر روکنا ہو گا۔ انہوں نے پنجاب بار کونسل سمیت دیگر بار ایسوسی ایشنز سے اپیل کی وہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد کو سپورٹ نہ کریں اور قانون کی عمل داری کو یقینی بنائیں۔ اس لیے تمام کامیاب امیدوار اپنی جیت کی خوشی اپنے کیمپ میں منائیں جبکہ ہائی کورٹ میں کسی قسم کا ڈھول، باجے یا آتش بازی سختی سے منع ہے۔
لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کل‘ انتظامات مکمل
Feb 24, 2023