اسلام آباد(خبرنگار)پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا کہ فاشسٹ بھارتی فورسز عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں تاکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی تذلیل کر کے طاقتور اختلافی آوازوں کو دبایا جا سکے۔ وہ کشمیر کے دونوں اطراف میں منائے جانے والے کشمیری خواتین کے یوم مزاحمت کے موقع پر لیگل فورم فار کشمیر (ایل ایف کے) کے زیر اہتمام جنگ کے ہتھیار کے طور پر کمزور طبقات کو نشانہ بنانا، کشمیر میں ہندوستان کی زیادتی اور استثنی کے عنوان سے منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب رہی تھیں انہوں نے کہا کہ بدنام زمانہ فوجی دستے آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کے تحت ایسے گھنانے جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں، سب دیکھ رہے ہیں کہ سفاک قوتوں کو احتساب سے مکمل استثنی حاصل ہے۔ انہوں نے کنن پوش پورہ میں اجتماعی عصمت دری اور تشددکی زد میں آنے والی خواتین کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہیں 32 سال گزر جانے کے باوجود انصاف نہیں ملا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری خواتین اپنی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گی۔
فاشسٹ بھارتی فورسز عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی، مشعال ملک
Feb 24, 2023