11فلسطینیوں کی شہادت قابل مذمت،پاکستان:یہودی بستیاں امن میں رکاوٹ ختم کی جائیں:گورتریس امریکہ

Feb 24, 2023


نیویارک‘ ریاض (شنہوا،نوائے وقت رپورٹ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی یہودی بستیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مغربی کنارے میں ایک نئی خونی کشیدگی کے بعد مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت کو یکطرفہ اقدامات سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی کمیٹی کو بتایا کہ ہر نئی آباد کاری امن کی راہ میں ایک اضافی رکاوٹ بن رہی ہے۔ ہر نئی بستی کی سرگرمی بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی ہے اور اسے روکنا چاہیے۔ تشدد کے لیے اکسانا ختم ہونا چاہیے۔ کوئی ایسی چیز جو دہشت گردی کو جواز بناتی ہو اسے سب کو مسترد کر دینا چاہیے۔ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی موجودہ صورتحال برسوں میں سب سے زیادہ کشیدہ ہے۔ اسرائیل-فلسطین امن عمل تعطل کا شکار ہے اور تناﺅاپنے عروج کو پہنچ رہا ہے۔ سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر ریاض منصور کی موجودگی میں اس بات پر زور دیا کہ ہماری فوری ترجیح مزید کشیدگی کو روکنا، تشدد میں کمی لانا اور امن بحال کرنا ہونا چاہیے۔ فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم نابلس پر حملے کی مذمت کرتے ہیں اور ہم اپنے لوگوں کے خلاف مسلسل حملوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل کو خطرناک صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ دوسری جانب امریکا نے مغربی کنارے میں تشدد کے ان واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکام دونوں فریقوں اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ بھی براہ راست رابطے میں ہیں اور اسرائیلی اور فلسطینی حکام کو کشیدگی کم کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کی متنازعہ توسیع امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے جو دو ریاستی حل کو کمزور کرتی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے فلسطینی شہر نابلس پر اسرائیلی قابض افواج کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کو مسترد کرتا ہے، بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ قبضہ کو ختم کرنے، بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے اور اسرائیلی جارحیت کو روکنے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور شہریوں کو ضروری تحفظ فراہم کرے۔ سعودی عرب نے اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے لواحقین اور زخمیوں سے اظہار ہمدردی کیا۔ پاکستان کی جانب سے مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض افواج کی حالیہ کارروائی کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی کارروائی میں ایک نوجوان سمیت 11 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے، ایسی ظالمانہ کارروائیاں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ حملے میں زخمیوں کی مکمل اور جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ ایسی کارروائیاں خطے میں امن کے امکانات کو نقصان پہنچائیں گی، پاکستان عالمی برادری سے اسرائیل کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیلئے جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ کرتا ہے۔

سعودیہ مذمت

مزیدخبریں