لاہور(کامرس رپورٹر )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت ملک رضا ربانی کھر نے گزشتہ روز ایکسپو سینٹر جوہر ٹائون میں دوسرے سالانہ انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ کیئر شو کا افتتاح کر دیا جس میں 40ممالک کے 370وفود نے شرکت کی۔اس موقع پر ہائی کمشنر یوگنڈا محمد حسن، کینیا کے صدر کے مشیر ڈاکٹر فاتح مکیاری، زمبابوے نیشنل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میک کاموں جیریمو، صدر فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ،چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی زبیر موتی والا سمیت تاجروں اور صنعت کاروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک رضا ربانی کھر نے تاریخی شہر لاہور میں بیرون ممالک سے آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کاروبار کیلئے فضا سازگار ہے، انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ کیئر شو کا مقصد بیرون ممالک اور مقامی تاجروں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تاکہ وہ یہاں آ کر خود پاکستانی مصنوعات کی کوالٹی چیک کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے شوز کے انعقاد سے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا کے سامنے آئے گا اور ہمارے ملک کی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے دیکھ لیں کہ ہمارے ملک میں پرامن اقتصادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لحاظ سے بڑا پوٹینشل ہے اور یہاں کے لوگ بہت محنتی اور جفاکش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 20 مختلف شعبہ جات میں 180 سے زائد پاکستانی کمپنیوں نے اس نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کیں جس میں فرنیچر، کھیلوں کے لباس و سامان، فارماسیوٹیکل، سرجیکل آلات، انجینئرنگ آلات،آٹو سیکٹر شامل ہیں۔ یہ ایکسپو ایک سورسنگ پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جس میں بنیادی اشیا سے لے کر انتہائی تخلیقی اور معیاری مصنوعات کی وسیع رینج شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی مارکیٹوں میں بہت زیادہ طلب ہے۔ امید ہے کہ اس ایکسپو سے غیر ملکی خریداروں سے بڑے آرڈر مل سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان برآمدی مصنوعات بنانے والوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بزنس ٹائیکونز کے ساتھ میٹنگز بھی کریں گے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کی طرف سے دیے گئے خصوصی پیکیج کا فائدہ اٹھایا جا سکے۔اس موقع پر مختلف غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ ایم او یوز بھی طے پائے۔گھانا نیشنل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سٹیفن میتھن اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے معاہدوں پر دستخط کئے۔یہ شو 25فروری تک ایکسپو سینٹر لاہور میں جاری رہے گا۔