کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ڈیڑھ کروڑ سے زائد آبادی والے شہر لاہور سے کل صرف 77 لوگ کوٹ لکھپت جیل پہنچے ہیں، پی ٹی آئی کے دھرنوں اور لانگ مارچ کی طرح جیل بھرو تحریک بھی ناکام ہوگئی ہے۔صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک سے متعلق اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ عمران خان کی نام نہاد جیل بھرو تحریک کا تماشا آج پشاور میں لگنے جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ گرفتاری سے بچنے کے لیے جیل بھرو تحریک کا شوشہ چھوڑا ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ نوٹنکی باز عمران خان کو چاہیے کہ تھیٹر کمپنی کھول لیں، سڑکوں اور شاہراہوں کے بجائے تھیٹر ہال میں نوٹنکی لگائے اور اپنی بھٹکتی روح کی تسکین پائے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بندش سے شہریوں اور بالخصوص مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، عمران خان کے روز روز کے تماشوں سے میڈیا، انتظامیہ اور قوم کا وقت ضائع ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے اصل مسائل کے حل کے لئے جمہوری قوتوں کے ساتھ ملکر کام کرنے کے بجائے عمران خان سڑکوں پر سرکس لگائے ہوئے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک میں سیلاب اور بارشوں سے تاریخی تباہی ہوئی، لیکن خان جلسے جلوس اور نوٹنکی کرتا رہا۔ پولیس لائن مسجد پشاور سانحہ پیش آیا، عمران خان متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کے بجائے سازشوں کا راگ الاپتے رہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان کو قوم کا کوئی درد نہیں اور نہ ہی عوام کے مسائل میں دلچسپی ہے۔