لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حلقہ لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتے تو اقتدر چھوڑ دیں۔ نااہل حکومت کے پاس عوام کو ریلیف دینے کیلئے اہلیت، صلاحیت اور قابلیت نام کی کوئی چیز نہیں۔ آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے پورے ملک پرمہنگائی کا عذاب مسلط ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف کی مزید مہنگائی ہونے کی ’’ نوید‘‘ مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کو زندہ درگور کرنے کے متراد ف ہے۔ پہلے ہی پٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے نے مڈل کلاس اور سفید پوش طبقے کی کمرتوڑ دی ہے۔ حکومت نے اگر آئی ایم ایف سے معاہدے کیلئے مزید مہنگائی کی تو عوام سڑکوں کی بجائے حکمرانوں کا گھیراؤ کرے گی۔ حکمران اقتدار کی حوس میں اندھے ہوچکے ہیں کہ ان کو عوام کے دکھ، تکلیف اور مشکلات سے کوئی سروکار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور میں کرپٹ اور نااہل حکمرانوں نے ڈالروں کیلئے غریب اور عام آدمی کو مہنگائی کی چکی میں پسا ہے۔ظالم حکمرانوں کے پاس محض زبانی جمع خرچ کے سوا کچھ نہیں ہے۔جماعت اسلامی ملک میں واحد اپوزیشن پارٹی کا کردار ادا کرتے ہوئے مہنگائی کے خلاف عوام کی ترجمانی کررہی ہے۔